ایک نیوز: آئندہ 5 روزمیں پنجاب کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے نے وارننگ جاری کر دی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 15 سے 20 ستمبر کے دوران پنجاب کے بالائی علاقوں میں تیز ہواﺅں اور طوفانی بارشوں کا امکان ہے، 16سے 18ستمبر کے دوران جنوبی پنجاب کے اضلاع بارشوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو وارننگ جاری کی ہے کہ 17سے 19 ستمبر کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں ندی نالوں میں پانی کے بہاﺅ میں تیزی کے امکانات ہیں، ضلعی انتظامیہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہے ۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ادارے کا اولین فریضہ ہے، باہمی تعاون سے قدرتی آفات میں ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے، شہری انتظامی اداروں کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں۔
شہریوں کے نام پیغام میں ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر اور ندی نالوں میں نہانے سے گریز کریں اور بچوں کو بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رکھیں، ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129پر اطلاع دیں۔
دوسری جانب جمعرات اور جمعہ کو خطہ پوٹھوہار، شما ل مشرقی پنجاب ، جنوب مشرقی سندھ ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کے روز اسلام آباد میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔