قاضی فائز عیسیٰ کی حلف برداری کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں درخواست

Sep 14, 2023 | 12:16 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: نامزد چیف جسٹس فائز عیسیٰ کو حلف اٹھانے سے روکنے کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل میں درخواست دائرکردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق شکایت میں اعلیٰ عدلیہ کے دیگر 4 ججز کیخلاف بھی کارروائی کی استدعا کر دی گئی،شکایت مقامی وکیل ہاشم صابر راجہ کی جانب سے دائر کی گئی۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ اپنی اہلیہ کی جائیدادوں کی وضاحت دینے میں ناکام رہے،انصاف فراہم کرنے والوں کو شفاف اور کسی بھی الزام سے پاک ہونا چاہیے،جسٹس فائز عیسیٰ کسی بھی طرح جج اور چیف جسٹس کے معیار پر پورا نہیں اترتے،جسٹس فائز عیسیٰ اپنی رائے کیخلاف وکلاء کے دلائل بھی توجہ اور صبر سے نہیں سنتے۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ جسٹس مظاہر نقوی اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کے مرتکب ہوئے،ڈیل کے نتیجہ میں پرویز مشرف کو سزا سنانے والی عدالت کا قیام کالعدم قرار دیا گیا،ڈیل کے نتیجہ میں ہی جسٹس مظاہر نقوی کو سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا،جسٹس امین الدین خان نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفس میں رشتے دار بھرتی کرائے،جسٹس امین الدین خان اختیارات کے ناجائز استعمال کے مرتکب قرار پائے۔

شکایت میں مزید کہا گیاہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور جسٹس علی ضیاء باجوہ نے بھی اختیارات کا غلط استعمال کیا،دونوں ججز نے اثر رسوخ استعمال کرکے جم خانہ کلب کی ممبرشپ خلاف ضابطہ حاصل کی،سپریم جوڈیشل کونسل کارروائی کرتے ہوئے ججز کو عہدوں سے ہٹانے کی سفارش کرے۔

مزیدخبریں