ایک نیوز: پاک آرمی انجینئرز اور فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے اپر دیر میں ایک نئے سٹیل پل کی تعمیر مکمل کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک پر جب بھی مشکل کی گھڑی آئی پاک فوج نے عوامی خدمت کو اولین ترجیحات میں شامل کیا،2012 میں اپر دیر کے دور دراز علاقہ ڈوگ درہ میں قائم کیا گیا پل حالیہ سال شدید بارشوں اور پانی کے بہاو کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوا،علاقے میں موجود اس واحد پل کے متاثر ہونے سے پانچ ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل سات گاوں کی آمدورفت بھی بری طرح متاثر ہوئی۔
پاک آرمی کے مایہ ناز انجینئرز اور فرنٹیئر کور نارتھ نے اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا،پاک فوج کے تعاون سے نہایت قلیل مدت میں پچاس میٹر طویل سٹیل پل تعمیر کر لیا گیا،سٹیل پل کی تعمیر سے علاقہ کی عوام نے پاک آرمی اور فرنٹیئر کور نارتھ کے اعلی حکام کا شکریہ ادا کیا۔
عوام کا کہنا ہے کہ سٹیل پل کی تعمیر سے آمدورفت کے ساتھ ساتھ ہمارے کاروبار بھی بحال ہو گئے ہیں۔
پاک آرمی اور فرنٹیئر کور کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مستقبل میں بھی ایسی کاوشیں جاری رہیں گی۔