ایک نیوز: پنجاب میں قبضہ مافیا گروہ کے سرغنہ منشا بم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے دورہ ایل ڈی اے کے موقع پر عوام نے شکایت کی تھی کہ منشا بم گروپ زمینوں پر قبضہ کرتا ہے، جس پر وزیر اعلیٰ نے سی سی پی او کو طلب کرکے منشا بم کو گرفتار کرنے کا کہا تھا۔
لاہور پولیس کے سربراہ کی ہدایات پر ایک خصوصی ٹیم نے منشا بم کو گرفتار کیا۔نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے قبضہ مافیا کی سرکوبی کی ہدایت کی تھی۔
منشا بم کون ہے؟
ملک منشا کھوکر عرف منشا بم کو لاہور کے مہنگے علاقے جوہر ٹاؤن میں قبضہ گروپ کا سربراہ مانا جاتا ہے۔ جس پر قبضے، قتل، اقدام قتل اور پولیس پر فائرنگ کے کئی مقدمے درج ہیں۔ اس کے خلاف غیر قانونی طور پر زمین پر قبضہ کرنے کا پہلا مقدمہ 1982 میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق منشا بم غریبوں کی زمینیں زبردستی ہتھیانے میں ملوث رہا ہے۔ اقتدار میں موجود ہر سیاسی پارٹی کے ساتھ منشا کے اچھے تعلقات رہیں ہیں۔ ممبران پارلیمنٹ اس کی پشت پناہی کرتے ہیں۔
پولیس حکام نے نام سامنے نہ لانے کی شرط پر نجی ٹی وی کو بتایا تھا کہ منشا نے وکلاء کی ایک ٹیم بنا رکھی ہے جو اس کے خلاف مقدمات کو دیکھتی ہے۔ پنجاب حکومت کے دیگر محکموں میں بھی اس کا اثر رسوخ ہے۔
جو پولیس والا منشا کے خلاف مقدمہ درج کر لیتا ہے، یہ گروہ اس کو بے بنیاد مقدمات میں گھسیٹ لیتا ہے۔