جامعہ کراچی میں  اساتذہ نے ایوننگ پروگرام کا بائیکاٹ کردیا  

Sep 14, 2023 | 00:39 AM

ایک نیوز: جامعہ کراچی کے اساتذہ کی تنظیم انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے ایوننگ پروگرام کے معاوضوں کی عدم ادائیگی اور انتظامیہ کی جانب سے مناسب جواب نہ ملنے پر کلاسز کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق انجمن اساتذہ کا ہنگامی اجلاس اسٹاف کلب میں صدر انجمن ڈاکٹر صالحہ رحمان کی زیر صدارت ہوا۔ انجمن اساتذہ کی جانب سے یونیورسٹی اساتذہ کے لیے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہنگامی اجلاس میں ایوننگ کے مشاہروں کی ادائیگی میں مسلسل تعطل اور کئی یقین دہانیوں کے باوجود کوئی خاطر خواہ پیشرفت نہ ہونے کی وجہ سے اساتذہ میں بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق کئی شعبہ جات میں اساتذہ کورسز پڑھانے پر آمادہ نہیں ہیں، انجمن اساتذہ نے اس تشویش پر مجلس عاملہ کےارکان کےساتھ شیخ الجامعہ کے ساتھ ملاقات کی اور اساتذہ کی تشویش سے آگاہ بھی کیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ اس معاملے پر شیخ الجامعہ کی طرف سے حوصلہ افزا جواب سامنے نہ آیا بلکہ شیخ الجامعہ نے کہا کہ “اگر بلز ادا نہیں ہورہے تو لوگ ایوننگ پروگرام میں نہ پڑھائیں” جس پر مجلس عاملہ نے شیخ الجامعہ کے بیان کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ 14 ستمبر سے غیر معینہ مدت کے لیے شام کی کلاسز کا مکمل بائیکاٹ کیا جائیگا۔

 مزید براں انجمن کے سیکریٹری فیضان نقوی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ایوننگ پروگرام میں تدریسی بائیکاٹ کے فیصلے کی تصدیق کی اور بتایا کہ جامعہ کراچی کے ریگولر اور وزیٹنگ فیکلٹی کو گزشتہ ڈیڑھ سال سے ایوننگ پروگرام کی ادائیگیاں نہیں ہوئی ہیں اور اب یہ رقم مجموعی طور پر 8 کروڑ روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔

مزیدخبریں