ایک نیوز نیوز: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے خلاف درج دہشت گردی کے مقدمے میں پیش ہوکر جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کروادیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق ان پر انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جو کہ ایک سنگین نوعیت کا مقدمہ ہے۔
پولیس نے جاری کردہ اعلامیے میں کہا ہے کہ اس مقدمہ میں شامل قانون کی شق نمبر 7 ایچ کے تحت جرم ثابت ہونے پر ملزم کو کم سے کم 5 سال اور زیادہ سے زیادہ عمر قیدوجرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کی شق نمر 6 ایم کے تحت کسی بھی سرکاری ملازم کو قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنے کیلئے خوف و ہراس پھیلانا اور سیاسی مقاصد حاصل کرنا ایک سنگین جرم ہے۔
پولیس نے اعلامیے میں کہا کہ ایک منصوبہ بندی کے تحت اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران اور ایک معزز خاتون جج کو اس وقت ڈرایا اور دھمکایا گیا جب اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ غیرقانونی عمل کا نوٹس لیتے ہوئے مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ چانڈیو نے شکایت پر ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز ہوا۔ پولیس اور دیگر تمام ادارے سب پر یکساں قوانین پر عمل درآمد کرانے کیلئے سرگرم ہیں۔