شہزاد اکبر نے نیب تحقیقات پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

شہزاد اکبر نے نیب تحقیقات پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا
کیپشن: Shahzad Akbar approached Islamabad High Court on NAB investigation(file photo)

ایک نیوز نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر نے نیب تحقیقات کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔ عدالت سے نیب تحقیقات میں ویڈیو لنک کے ذریعے شامل تفتیش ہونے کی اجازت مانگی گئی ہے۔ عدالت نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کرلی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق شہزاد اکبر نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست کی ہے کہ نیب تحقیقات میں ویڈیو لنک کے ذریعے شامل تفتیش ہونے کی اجازت دی جائے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے حکومتی ایماء پر ان کیخلاف سیاسی بنیادوں پر انکوائری شروع کی، یہ انکوائری نیشنل کرائم ایجنسی یوکے اور بحریہ ٹاؤن کی سول سیٹلمنٹ پر ہے، نیب تحقیقات میں ویڈیو لنک کے ذریعے شامل تفتیش ہونے کی اجازت دی جائے۔ 

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے انہیں نوٹس بھیجا تو انہوں نے بتایا کہ وہ ویڈیو لنک پر بیان دے سکتے ہیں، نیب کی جانب سے ان کی پیشکش کا جواب نہیں دیا گیا۔ انہوں نے اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ 

شہزاد اکبر کی درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب طاہر جمعرات کو سماعت کریں گے۔