ایک نیوز نیوز: فرانس یوتھنیشیا یعنی آسان موت یا خودکشی کرنے کی اجازت دینے کےلئے قانون سازی کے قریب پہنچ گیا ہے۔
یہ پیش رفت نیشنل کنسلٹیو ایتھکس کمیٹی کی رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد ممکن ہوئی، کیونکہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں ایسے لوگوں کو، جو انتہائی نازک حالت میں ہوں اور ان کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہوں، کو آسان موت یا خود کشی کرنے کی اجازت دینے کی حمایت کر دی ہے۔
کمیٹی کی رپورٹ اس اہم مسئلے کا جائزہ لینے کے لیے بنائے گئے شہریوں کے کنونشن کی اکتوبر میں منعقد کیے جانے والی میٹنگ سے پہلے سامنے آئی ہے، جوکہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کی پہلی ترجیح ہے۔
فرانس کے صدرایمانوئل میکرون نے اس مسئلے پر سال کے آغاز میں کہا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ فرانس میں انسانیت کا مزید خیال رکھے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اس لئے وہ چاہتے ہیں کہ فرانس میں بھی بیلجئیم کی طرح انتہائی نازک حالت میں خودکشی یا آسان موت کی قانونی طور پر شہریوں کو اجازت دی جانا چاہیئے۔
فرانسیسی صدر نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ فرانس کو اس مسئلے کے حل کےلئے آگے بڑھنا چاہیئے، کیونکہ ملک میں غیرانسانی حالات پائے جاتے ہیں۔
بیلجئیم میں یوتھنیشیا کی 2002 سے اجازت ہے اور تقریباً ہر ماہ دو افراد کو آسان موت مرنے دیا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ آسان موت کی چھوٹے بچوں کےلئے بھی اجازت ہے۔
اگلے ماہ منعقد کئے جانے والے شہریوں کے کنونشن میں فرانس میں آسان موت یا خودکشی پر بات چیت ہوگی تاکہ 2023ء کے آخر تک اس حوالے سے ایک بل تیار کیا جاسکے۔
فرانس کے پڑوسی ممالک سپین، نیدرلینڈز، لکسمبرگ اور سوئٹزرلینڈ میں پہلے ہی قانونی طور پر یوتھنیشیا یعنی آسان موت کی اجازت ہے، لیکن فرانس میں اس معاملے پر سیاسی اتفاق رائے تک پہنچنا مشکل ہے۔