ایک نیوز: معیارات کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں معیارات کا عالمی دن منایا جا رہا ہے،پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی دنیا کے دیگر ممالک سے اشتراک کے تحت پاکستان میں تیار ہونے والی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے کام کر رہی ہے تاکہ مقامی صنعت میں نفاست اور مسابقت کو فروغ مل سکے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار اسٹینڈرڈائزیشن کی جانب سے اس سال کا موضوع، "ایک بہتر دنیا کے لیے مشترکہ نقطہ نظر،" مینوفیکچرنگ اور سروسز دونوں شعبوں کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے میں اعتماد کے ضروری کردار کی نشاندہی کرتی ہے، یہ موضوع ہمیں بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات کی مسابقت کا جائزہ لینے کی ترغیب دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی تحفظ، صحت اور ماحولیات کے حوالے سے ہماری وابستگی کے مطابق مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر ہے کہ پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی نے پاکستانی شہریوں کی زند گیو ں کے تحفظ کے لیے آٹوموٹو گاڑیوں کے لیے سخت حفاظتی معیارات مقرر کئے ہیں، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی ایس کیو سی اے نے کھانے کی مصنوعات میں صنعتی طور پر تیار کردہ ٹرانس فیٹی ایسڈز (آئی ٹی ایف اے) پر 2 فیصد کی حد مقرر کی ہے جو پاکستان میں امراض قلب کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ جامع اور موثر معیارات کے ذریعے یہ کوششیں لوگوں کی فلاح و بہبود کی ترجیح کے لئے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہیں، پاکستان کی برآمدات میں اضافے کا براہ راست تعلق ہماری اشیاء اور خدمات کا بین الاقوامی معیارات پر پورا اترنا ہے، ان معیارات کی پاسداری پاکستانی مصنوعات پر عالمی صارفین کے اعتماد کو فروغ میں مدد دیتا ہے، دنیا بھر میں ہمارے کاروبار کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے اور پائیدار اقتصادی ترقی کو مزید متحرک کرتا ہے۔
شہریوں کی زند گیو ں کیلئےسخت حفاظتی معیارات مقرر کیےہیں:شہبازشریف
Oct 14, 2024 | 11:20 AM