فلسطین اور اسرائیل تنازع،اوآئی سی کاہنگامی اجلاس طلب

Oct 14, 2023 | 18:56 PM

ایک نیوز :فلسطین اور اسرائیل تنازع پر سعودی عرب کی درخواست پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیاگیا۔

سعودی عرب کی درخواست پر فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے معاملے پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی وزارتی اجلاس طلب کرلیا گیا۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے اور اب تک ہزاروں ٹن بارود غزہ پر گرا چکا ہے۔ اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
اسرائیلی طیاروں نے غزہ سے نقل مکانی کرنیوالے فلسطینیوں کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 70 فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی جارحیت اور فلسطین بالخصوص غزہ کی صورتحال پر او آئی سی کا ہنگامی وزارتی اجلاس طلب کرلیا گیا۔اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس جدہ میں 18 اکتوبر  بدھ کو ہوگا جس میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت پربحث ہوگی۔
دوسری جانب سعودی عرب نے غزہ کی صورتحال کی وجہ سے اسرائیل کےساتھ معمول کے تعلقات پر بات چیت روک دی ہے۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے اسرائیل سے بات چیت کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلےکے بارے میں امریکی حکام کو مطلع کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں