ایک نیوز: اسرائیل نے غزہ میں زمینی حملے شروع کرنے کی تصدیق کردی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی ڈیفنس فورسز نے غزہ میں زمینی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حملےحماس کے ٹھکانوں پر کیے گئے۔
اسرائیل کی فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ڈی ایف نے غزہ کی پٹی میں علاقائی سطح پر حملے کیے ہیں تاکہ علاقے کو عسکریت پسندوں اور ہتھیاروں سے پاک کیا جا سکے اور لاپتہ ہونے والے افراد کو تلاش کیا جا سکے۔
فلسطینی اتھارٹیز کے مطابق ایک ہفتے میں غزہ پر اسرائیلی بم حملوں میں اب تک 2000 فلسطینی شہری شہید کیے جا چکے ہیں۔ غزہ کی ناکہ بندی کے باعث ایندھن ، پانی اور خوراک کے ذخائر تیزی سے ختم ہورہے ہیں۔
اقوام متحدہ نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینوں کو زبردستی علاقہ چھوڑنے پر مجبور کرنے کے عمل کو خوفناک قرار دیا ہے جبکہ امریکا نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ عام شہریوں کو مارنے سے گریز کرے۔