ایک نیوز:پنجاب کے مختلف شہروں میں تیزبارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے متعدد شہروں میں صبح سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔چکوال اور گردونواح میں صبح سویرے گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے شہر میں موسم سرد ہو گیا۔نارووال، شکرگڑھ، نورکوٹ، کرتار پور، سکھوچک اور گردونواح میں بھی بارش اور ژالہ باری سے موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا۔
ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں بارشوں اور برفباری کا نیا سسٹم کل سے داخل ہونے جار ہا ہے ، 14 سے 17 اکتوبر کے دوران ملک میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اکتوبر کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا،13 سے 17 اکتوبر تک سوات مانسہرہ، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، کشمیر، گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 13 سے 17 اکتوبر تک پنجاب میں لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد،گوجرانولہ سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے اوربعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 17 اور 18 اکتوبر کو سندھ اور بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،چترال سوات مری سمیت پہاڑی علاقوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی اور گوجرانولہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔