ایک نیوز نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کی روک تھام نہ کرنے کے خلاف کیس میں 4اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو توہین عدالت کی کارروائی کے لئے طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی، سرکاری وکیل نے ماحولیاتی ایجنسی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کے عدالتی حکم پر متعلقہ ڈی سی عمل نہیں کر رہے، 4اضلاع میں صورتحال زیادہ خراب ہے۔
عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ عدالت غیر ذمہ داری کے مرتکب ڈپٹی کمشنرز کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کرے گی۔
لاہور ہائیکورٹ نے گوجرانوالہ، قصور، اوکاڑہ اور حافظ آباد کے ڈپٹی کمشنرز کو توہین عدالت کی کارروائی کے لئے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اسموگ کی روک تھام کے لئے اسکولوں میں بسیں چلائی جائیں، ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے طلباء کو انٹرن شپ پروگرام کرائے جائیں، ہیٹ ویو سے بچاؤ کے اقدمات نہ کئے گئے تو ہمارے شہر خطرے میں ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے عملدرآمد رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کردی۔