ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، میجر اور حوالدار شہید، 3دہشتگرد  ہلاک  

ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، میجر اور حوالدار شہید، 3دہشتگرد  ہلاک  
کیپشن: Operation of security forces in Harnai, Major and Havaldar martyred, 3 terrorists killed

 ایک نیوز: بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں شہریوں کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنیوالے شر پسند عناصر کیخلاف  کارروائی  میں پاک فوج کے ایک میجر اور حوالدار شہید ہوگئے جبکہ 3 دہشتگرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری  کردہ  بیان کے مطابق 14 نومبر کو ضلع ہرنائی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔

بیان میں کہا گیا کہ اطلاع پرفوری طور پر میجر محمد حسیب کی قیادت میں علاقے کو کلئیر کرنے کیلئے سکیورٹی اہلکاروں کو روانہ کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  سکیورٹی فورسزنے مؤثر طریقے سے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا،  جس کے نتیجے میں 3دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

دہشتگردوں کیخلاف  کارروائی سے متعلق بتایا گیا کہ کارروائی کے دوران ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سکیورٹی فورسز کی اگلی گاڑی پر پھٹ گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں فرنٹ لائن پر اپنی ٹیم کی قیادت کرنے والے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد  نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر اپنی جان قربان کر دی اور شہادت کا رتبہ پایا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے  کیلئے عزم پر قائم ہیں۔

  مزید بتایا گیا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دہشتگردوں کیخلاف  کارروائی میں شہید ہونے والے 28 سالہ میجر محمد حسیب کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے، جنہوں نے 8 سال6 ماہ تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر محمد حسیب شہید  کے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔

شہید 38 سالہ حوالدار نور احمد کا تعلق بلوچستان کے ضلع بارکھان سے ہے اور انہوں نے 14 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدارنور احمد شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 3بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔