ایک نیوز: فلم اسٹار صائمہ اور شفقت چیمہ سمیت نامور فنکاروں پر مشتمل پاکستانی پنجابی فلم ’لاہور قلندر‘ اب برطانیہ میں بھی سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
فلم ’یوکے سی ورلڈ سینما‘ میں ریلیز کی جائے گی جس کے لیے بریڈفوڈ، ایل فورڈ، فیلتھم، لوٹن، ویسٹ روسلپ اور ویمبلے سٹیشنز کاانتخاب کیا گیا ہے۔
پاکستان نژاد برطانوی ڈسٹری بیوٹر توصیف انجم نے پنجابی فلم ’لاہور قلندر‘ کی یو کے میں نمائش کے حقوق حاصل کئے ہیں اور فلم ڈیجیٹل سٹریم ڈسٹری بیوشن کے بینرتلے 17 نومبر کو برطانیہ کے مختلف شہروں میں ریلیز کی جائے گی۔
برٹش بورڈ آف فلم کلاسیفکیشن نے ’لاہور قلندر‘ کو نمائش کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے سینسر سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈیجیٹل سٹریم ڈسٹری بیوشن کے سی ای او توصیف انجم کا کہنا تھا کہ یہ فلم پاکستانی سینماؤں میں کامیابی سے ہمکنار ہوئی تھی، پر امید ہیں کہ یو کے میں بھی شائقین اسے پسند کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مزید پاکستانی فلموں کی انگلینڈ میں نمائش کےحقوق حاصل کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں مختلف فلمسازوں سےبات چیت جاری ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’لاہور قلندر‘ کی کاسٹ میں صائمہ، بنٹو بٹ، ہیپی سنگھ، شہر یارچیمہ، کامران مجاہد، قیصر پیا اور شفقت چیمہ شامل ہیں۔