ایک نیوز : آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا پہلا سیمی فائنل کل بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین ممبئی میں کھیلا جائے گالیکن اگر میچ میں بارش ہوگئی تو میچ کا فیصلہ کیسے کیا جائیگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے مقرر کردہ پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق سیمی فائنل اور فائنل میچز میں ہر ایک کو 120 منٹ کا اضافی وقت دیا جائے گا تاہم اگر کوئی میچ مقررہ دن پر نتیجہ خیز نہیں ہوتا تو پھر ایک ریزرو دن کھیلا جائے گا۔
اگر ریزرو ڈے پر بھی نتیجہ حاصل نہ ہوسکا تو پوائنٹس ٹیبل میں بہتر پوزیشن پر آنے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔اس کا مطلب ہے کہ اگر سیمی فائنل میں میچ کے دن اور ریزرو ڈے دونوں میں بارش نے کھیل خراب کیا تو بھارت اور جنوبی افریقا اپنے حریفوں کے مقابلے پوائنٹس ٹیبل میں بہتر کارکردگی کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائیں گے۔
پوائنٹس ٹیبل میں ہندوستان پہلے جبکہ نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر ہے اسی طرح جنوبی افریقا اور آسٹریلیا بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کل بدھ کے روز میزبان بھارت اور نیوزی لینڈ جبکہ دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔میگا ایونٹ کا فائنل میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اتوار 19 نومبر کو شیڈول ہے۔