ایک نیوز:غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 11ہزار 500ہوگئی۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت سے4ہزار 630سے زائد بچےاور3ہزار130سے زیادہ خواتین شہید ہوچکی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے مجموعی طور پر شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 500 ہوگئی ہے، 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری سے 29 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے اب تک طبی عملے کے 189 افراد شہید ہوگئے ہیں۔اس کے علاوہ اسرائیلی بمباری سے 41 ہزار 120 رہائشی املاک تباہ ہوئیں، بمباری سے 94 سرکاری عمارتیں تباہ اور 71 مساجد بھی شہید ہوئیں جبکہ بمباری سے 253 اسکولوں کی عمارتیں بھی تباہ ہوئیں۔
فلسطینی ادارہ شماریات کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسکول کے 3 ہزار 117 طلبا شہید ہوئے ہیں جبکہ مغربی کنارے میں بھی24 طلبا شہید کیے گئے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان سے اسرائیلی علاقوں پر ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ کیا گیا، داغے گئے متعدد میزائل کفرشو باڈسٹرکٹ کے علاقے رویسات العلم میں گرے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان کے سرحدی ٹاؤنز مرکبا اور حولا پر جوابی بمباری کی۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں بھی جاری ہیں، اسرائیلی فورسز نے طولکرم کیمپ میں ایمبولنس کو گھیرے میں لے لیا۔