190 ملین پاؤنڈ کیس،عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد

190 ملین پاؤنڈ کیس،عمران خان کے جسمانی ریمانڈ پرفیصلہ محفوظ
کیپشن: 190 million pound case, Imran Khan's physical remand reserved

ایک نیوز :190 ملین پاؤنڈ کیس میں عدالت نے نیب کی عمران خان کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا  مسترد کردی ۔چیئرمین پی ٹی آئی جوڈیشل ریمانڈپر رہیں گے ۔تفتیشی ٹیم  جیل میں ہی تفتیش کرے گی ۔

 احتساب عدالت کے جج  محمد بشیر  نے محفوظ کیاگیا فیصلہ سنایا ۔نیب پراسیکیوٹر نے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ دلائل دیئے جبکہ چیرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی۔

قبل ازیں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کا کہنا تھا کہ نوٹیفکیشن ہوا تو پھراڈیالہ جیل سماعت کیلئے جائیں گے، صحافیوں کو کوریج کی اجازت ہونی چاہیے اسی لیے تو اوپن کورٹ ہوتی ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے صحافیوں کے سوال پر مکالمہ کرتے ہوئے القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ کیس میں نیب بتا سکتی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کہاں پیش کیا جائے گا۔

صحافی نے سوال کیا کہ اطلاعات ہیں کہ دونوں کیسز کی جیل میں سماعت کا نوٹیفکیشن ہو رہا ہے۔ جس پر جج محمد بشیر کا کہنا تھا کہ نوٹیفکیشن ہوا تو پھر اڈیالہ جیل سماعت کیلئے جائیں گے۔

جج محمد بشیر نے صحافیوں سے سوال کیا کہ کیا آپ لوگ بھی وہیں (جیل) جائیں گے۔ جس پر صحافیوں نے جواب دیا کہ ہمیں اڈیالہ جیل کے اندر داخلے اور رپورٹنگ کی اجازت نہیں۔

جج محمد بشیر نے کہا کہ ویسے تو اجازت ہونی چاہیےاس لیے تو اوپن کورٹ ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی تھی ۔نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ کیلئے درخواست دائر کی، تو عدالت نے استفسار کیا کہ ہائی کورٹ نے کیا کیا ہے۔

عدالت کے استفسار پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مقدمہ زیرالتواء ہے نہ عدالت نے حکم معطل اور نہ کوئی اسٹینڈنگ آرڈر جاری کیا، عدالت سے درخواست ہے کہ عمران خان کے وارنٹ جاری کیے جائیں اور جیل سپریٹنڈنٹ کواقدامات کی ہدایت کی جائے۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ وارنٹ لیں گے تو کیا بلانا نہیں پڑے گا۔ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ وارنٹ کے بعد گرفتارکریں گے تو جسمانی ریمانڈ کیلئے یہاں ہی لائیں گے۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور جیل سپریٹنڈنٹ کو وارنٹ تعمیل کے لیے اقدامات کا حکم دے دیا۔