9 مئی جلاؤگھیراؤ: یاسمین راشد کیخلاف پولیس نے چالان عدالت میں جمع کروادیا

Nov 14, 2023 | 16:01 PM

ایک نیوز: انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں شیر پاؤ پل پر پولیس گاڑیاں جلانے اور اداروں کے خلاف نعرے بازی کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ پراسیکیوشن نے یاسمین راشد سمیت دیگر کے خلاف  280 صفحات پر مشتمل چالان عدالت میں جمع کروا دیا۔ 

عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان کو 24 نومبر کو طلب کر لیا۔ چالان میں ڈاکٹر یاسمین راشد ، رانا تنویر ،ریاض حسین اور ضیاس خان سمیت چار ملزمان کو نامزد کیا گیا۔ چالان میں 45 گواہان کی فہرست پیش کی گئی۔ 

پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ تھانہ سرور روڈ میں درج  کر رکھا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر کہا کہ اگر عدالت اجازت دے تو میں کچھ گزارش کرنا چاہتی ہوں۔ ہم نے الیکشن لڑنے ہیں۔ اعجاز چوہدری ، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر نے الیکشن لڑنے ہیں۔ 

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کے لیے جیل سے باہر ہونا لازمی ہے؟ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ضروری نہیں لیکن الیکشن کیمپین تو کرنی ہے۔

جج ارشد جاوید نے ریمارکس دیے کہ آپکا ایک مقدمہ کا چالان آ گیا ہے۔ لیکن مجھے نہیں علم کہ آپ پر کتنے مقدمات ہیں۔ اس کیس کا باقی ملزمان کی حد تک چالان طلب کیا ہے۔ چالان آ جائے گا تو اس کو کچھ ہفتوں میں نمٹا دیں گے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ چھے ماہ تین دن سے مجھ سمیت پندرہ عورتیں جیل میں ہیں۔ ہم عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں ہمیں انصاف دیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم گواہوں کو شارٹ لسٹ کرتے ہیں۔ یاسمین راشد نے کہا کہ میانوالی ، قصور ، فیصل آباد مختلف اضلاع سے تیرہ مقدمات میں مجھے گرفتار کرنے آ گئے ہیں۔ 

عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ انتظامیہ کا کام ہے۔ ہم نے تو قانون کے مطابق کام کرنا ہے۔ 

مزیدخبریں