ایک نیوز: وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے پراجیکٹس پر پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔ کھڑک سنگھ کی تاریخی حویلی کی بحالی کے پراجیکٹ پر غور کیا گیا۔
سیاحت کے فروغ کے لئے حویلی کے کمروں کو بحال کیا جائے گا۔ حویلی میں رہائش کی معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ رم مارکیٹ کی منتقلی کے لئے ضروری اقدامات اور لاہور فورٹ کیفے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
لاہور کے تاریخی دروازوں اور قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان کی اصل حالت میں بحالی کے پراجیکٹ پر پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے لاہور کے تاریخی دروازوں اور قلعہ کہنہ قاسم باغ پراجیکٹ کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لاہور کے تاریخی دروازوں اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کے گرد فصیل کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، لاہور کے دروازے اور قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان کا تاریخی ورثہ ہے،بھرپور تحفظ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے تاریخی دروازے اور قلعہ کہنہ قاسم باغ بحالی کے بعد سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنیں گے، مال روڈ کی تاریخی اور قدیمی ہیت بحال کرنے کے لئے پول ہٹائے جائیں گے۔ تاریخی مقامات کی بحالی کے بعد مینجمنٹ آف سائٹ کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور کے بریڈلے ہال کی بحالی کیلئے کام تیزی سے جاری ہے۔ بریڈلے ہال میں پنڈت جواہر لال نہرو،گاندھی اور بھگت سنگھ جیسی شخصیات خطاب کرچکی ہے۔ لاہور کے برکت علی اسلامیہ ہال کی تاریخی حیثیت کو بھی بحال کیاجارہاہے۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی 10مزارات کو تاریخی اور قدیمی ہیت میں بحال کررہی ہے۔
صوبائی وزراء عامر میر،اظفرعلی ناصر،بلال افضل،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریزلوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ،تعمیرات ومواصلات، اوقاف،فنانس،کمشنر لاہور،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔