ایک نیوز: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 8 کارروائیوں میں 233 کلو منشیات برآمد کرلی گئیں جبکہ 6 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق 26 نمبر چونگی اسلام آباد پر 4 مختلف کارروائیوں میں 4 کلو 66 گرام منشیات برآمد ہوئیں۔ کارروائی میں پشین کے رہائشی ملزم سے 900 گرام آئس برآمد کی گئی۔
دوسری کارروائی میں خیبر کے رہائشی ملزم سے 800 گرام آئس اور 250 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اسی طرح تیسری کارروائی میں نوشہرہ کی رہائشی خاتون سے 2 کلو چرس برآمد کی گئی جبکہ چوتھی کارروائی میں خیبر کے رہائشی ملزم سے 116 گرام آئس اور ایک عدد پستول برآمد ہوا۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے بیگ سے 1 کلو آئس برآمد کی گئی۔ ساہیوال کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر PK-859 کے ذریعے سعودی عرب کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔
فتح چوک بس سٹاپ حیدرآباد پر ٹنڈو محمد خان کے رہائشی ملزم سے 3 کلو چرس برآمد کی گئی۔ نوکنڈی اور کچلاک میں دو کارروائیوں کے دوران اسمگلنگ کے لئے چھپائی گئی منشیات برآمد کرلی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 27 کلو افیون، 103 کلو ہیروئن اور 95 کلو مارفین شامل ہے۔
ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔