لاہور: سیف سٹی کیمروں کی مدد سے دھواں چھوڑتی گاڑیاں پکڑی گئیں

لاہور: سیف سٹی کیمروں کی مدد سے دھواں چھوڑتی گاڑیاں پکڑی گئیں
کیپشن: Lahore: Vehicles emitting smoke were caught with the help of Safe City cameras

ایک نیوز: لاہور میں بڑھتے اسموگ کی روک تھام کے لئے سیف سٹی کیمروں کی بدولت مزید 37 دھواں خارج کرنے والی گاڑیاں پکڑ میں آگئی ہیں۔

سیف سٹی کیمروں کی مدد سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، لاہور کے مختلف علاقوں سے 37 دھواں چھوڑتی گاڑیوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی نشاندہی سیف سٹی کیمروں سے کی گئی، کیمروں میں دھواں چھوڑتی گاڑی نظر آنے پر فیلڈ فورس کو آگاہ کیا گیا ہے جب کہ داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراؤں پر کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق سیف سٹی جرائم کی روک تھام کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے مصروف عمل ہے، شہری اپنے ارد گرد اسموگ پھیلانے والوں کی اطلاع ایمرجنسی 15 پر دیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور آلودگی کے اعتبار سے دنیا میں ایک بار پھر سے دوسرے نمبر پر براجمان ہوچکا ہے، ایسے میں لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ اورماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر ہفتے میں 2 دن ورک فرام ہوم کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور میں اسموگ کے باعث عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، سانس اور ٹی بی کے مریضوں کی اسپتال میں قطاریں لگی ہوئی ہیں، لاہور کے تعلیمی ادارے چار روز کی چھٹیوں کے بعد کھلے ہیں۔