ایک نیوز: سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ جس کے نتیجہ میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں دہشت گردوں نے نجی کمپنی کی گاڑیوں پر فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجہ میں کمپنی کے دو بے گناہ ملازمین اور سیکیورٹی پر مامور سپاہی نے جام شہادت نوش کرلیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، جس کی شناخت قدرت شاہ عرف ابوبکر کے نام سے ہوئی ہے۔
مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو دہشت گردوں کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔
ایک اور واقعہ میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں دہشت گردوں نے علاقے میں ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والی نجی کمپنی کی گاڑیوں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجہ میں کمپنی کے دو بے گناہ سویلین ملازمین محمد فیصل اور آصف کامران شہید ہوگئے۔
پراجیکٹ کی سیکیورٹی پر مامور سپاہی سید محمد شاہین شاہ بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور علاقے کی ترقی کے لیے تعاون جاری رکھیں گی۔