ایک نیوز :سموگ پنجاب کے 6ڈپٹی کمشنر ز کو لے بیٹھی۔لاہور ہائیکورٹ نے جھنگ، حافظ آباد، خانیوال، ننکانہ، بہاولنگر اور شیخوپورہ کے ڈپٹی کمشنرز کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں ہوئی۔
ممبر جوڈیشل کمیشن نے بتایاکہ جھنگ، حافظ آباد، ننکانہ، خانیوال، بہاولنگر اور شیخوپورہ میں فضا بہت آلودہ ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ کمشنر لاہور یہاں آکر بڑی باتیں کرتے ہیں مگر کام کچھ نہیں کیا، کمشنر لاہور مکمل طور پر اسموگ کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے، ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے سب کچھ بند کر دیا جاتا ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ جو فصلوں کی باقیات جلانے کی ویڈیوز آرہی ہیں وہ افسوس ناک ہے، اسموگ کے پیش نظر ہفتے کے روزاسکولز اور کالجز کو بند کیا جائے، دفاتر میں ہفتے میں 2 روز ورک فرام ہوم کی پالیسی پر عمل کیا جائے، اگر پانچ منٹ ٹریفک بند ہو تو پورے شہر میں نظام درم برہم ہوجاتا ہے۔