چینی صدر نے ون آن ون ملاقات میں جوبائیڈن کو اپنی ریڈ لائن بتادی

چینی صدر نے ون آن ون ملاقات میں جوبائیڈن کو اپنی ریڈ لائن بتادی
کیپشن: چینی صدر نے ون آن ون ملاقات میں جوبائیڈن کو اپنی ریڈ لائن بتادی

ایک نیوز نیوز:  چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہےکہ  تائیوان چین کا اندرونی معاملہ ہے، تائیوان پہلی سرخ لکیر ہے جو  امریکا چین تعلقات میں عبور نہیں ہونی چاہیے۔

انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں امریکا اور چین کے صدورکی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔ 

چینی میڈیا کے مطابق ملاقات میں چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر بائیڈن کو باور کرایا کہ تائیوان کا سوال چین کے بنیادی مفادات کا مرکز ہے،کسی کی تائیوان کو چین سے علیحدہ کرنےکی کوشش چینی قوم کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔

چینی صدرکا کہنا تھا کہ تائیوان چین کا اندرونی معاملہ ہے، تائیوان پہلی سرخ لکیر ہے جو امریکا چین تعلقات میں عبور  نہیں ہونی چاہیے، امید ہےکہ امریکا ون چائنا پالیسی کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے الفاظ کوعملی جامہ پہنائےگا۔

چینی میڈیا کے مطابق چینی صدر کا مزیدکہنا تھا کہ دونوں ملکوں کا مقابلہ ایک دوسرے سے سیکھنے کے لیے ہونا چاہیے تاکہ خود کو بہتر بنا کر ساتھ ترقی کی جائے، مقابلہ دوسرے فریق کو زیرکرنے کے لیے نہیں ہونا چاہیے، کسی بھی فریق کو دوسرے کو یا اس کے نظام کو تبدیل کرنےکی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔

شی جن پنگ نے کہا کہ کوروناکے بعد عالمی بحالی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا اور امریکا چین تعاون کے ذریعےعلاقائی مسائل حل کرنا باہمی مفاد میں ہے، چین تجارتی اور معاشی تعلقات کو سیاست اور  ہتھیاروں کی نذر کرنےکا مخالف ہے۔

 چینی صدر نے یوکرین کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور روس یوکرین بات چیت کے دوبارہ شروع ہونے کی حمایت کی۔