’ریمیمبرنس سنڈے‘تقریب میں  شاہ چارلس سوم کی شرکت، دو منٹ کی خاموشی

Nov 14, 2022 | 16:03 PM

 ایک نیوز نیوز:  شاہ برطانیہ کنگ چارلس سوم  نے لندن میں وہائٹ ہال 'میموریل' پر برطانیہ اور دولت مشترکہ کے جنگی محاذوں پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوانوں کی یاد میں ہونے والی ایک باوقار تقریب میں شرکت کی۔

’ریمیمبرنس سنڈے‘ کی مرکزی تقریب میں  شاہ چارلس سوم نے جنگ عظیم اول اور دوئم کے بعد سے اب تک تنازعات کے دوران ہلاک ہونے والے مسلح افواج کے ارکان کی یادگار پر گل لالہ (پوپی) کے پھولوں کی چادر چڑھائی۔

برطانیہ میں ہر سال ’ریمیمبرنس سنڈے  پر مرنے والے فوجی جوانوں کی یاد میں ساری قوم دو منٹ کی خاموشی اختیار کرتی ہے

​سالانہ ’ریمیمبرنس سنڈے‘ کی تقریب میں شرکت کرنے والے سینئر رائلز، برطانوی وزیر اعظم رشی سونک اور دیگر سیاسی قائدین کے ہمراہ سابق فوجیوں اور سروس پر موجود اہلکاروں نے واقعہ کی یاد میں یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

ڈچز آف کیمبرج، شہزادی کیتھرین مڈلٹن اور  ملکہ  کونسورٹ کمیلا نے بھی  اس تقریب میں شرکت کی اور مرنے والےفوجیوں جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر دہشت گرد حملوں کے ممکنہ خطرے کے سخت خدشات کی وجہ سے یادگار کے ارد گرد بھاری تعداد میں پولیس کی نفری موجود تھی، جبکہ تقریب میں شریک شاہی خاندان اور سیاسی رہنماؤں کے ارد گرد انٹیلی جنس اور پولیس کا سخت پہرہ تھا۔

سروس کے آغاز پر جس وقت بگ بین نے 11 بجے کا گھنٹہ بجایا تو  شاہ چارلس نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کی یاد میں احتراماً دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

ہر سال کی طرح، اس سال بھی ملک بھر میں ریمیمیبرنس سنڈے کی تقریبات منعقد ہوئیں جبکہ سینٹرل لندن میں منعقدہ سب سے بڑی ریمیمبرنس سنڈے کی تقریب کو دیکھنے کے لیے صبح سے ہزاروں افراد جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں