ملک کےمختلف علاقوں میں بارش اور برفباری،سردی میں اضافہ

ملک کےمختلف علاقوں میں بارش اور برفباری،سردی میں اضافہ
کیپشن: ملک کےمختلف علاقوں میں بارش اور برفباری،سردی میں اضافہ

ایک نیوز نیوز: لاہور کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات بوندا باندی سے موسم سرد ہوگیا جب کہ سرد موسم ہونے سے شہریوں نے گرم کپڑے اور سوئیٹر نکال لیے۔

تفصیلات کے مطابق آسمان سے چلتی بارش نے سموگ کو چلتا کیا،جناح ہسپتال، ٹاؤن شپ، جوہرٹاون، اقبال ٹاون، وحدت روڈ کے علاقوں میں رم جم ہوئی ہے۔

ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی اور دیگر علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے،اسلام پورہ، ساندہ، بند روڈ، گلشن راوی میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔

تاج پورہ سکیم، غازی آباد، صدر کینٹ، جوڑا پُل، غازی روڈ، برکی روڈ، لال پُل، نیا پُل، فتح گڑھ، تاج باغ اور کنال روڈ پر بھی بوندے برسی ہیں۔

بارش اور ٹھنڈی ہوا، اسلام آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سرگودھا، فیصل آباد ، شورکوٹ ،سرائے عالمگیر، گجرات سمیت کئی شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔

ڈسکہ شہر و گردونواح میں موسم سرما  کی پہلی بارش  ہوئی،جس کے بعد ٹھنڈی ہوا چلنے لگی اور موسم سرد ہوگیا ہے۔

باغوں کے شہر لاہور میں بادلوں نے ڈھیرے ڈال لیے ہیں،ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ  ہوگیا ہے،سردی سے درجہ حرارت کم سے کم 13 ڈگری سنیٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ  کیا گیا۔

منچن آباد اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سےجاری ہے اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم سرد ہوگیا  ہے، موسم تبدیل ہونے پر دھان کی فصل متاثر   ہوئی، سڑکوں پر پانی کیچڑ ہونے سے آمدورفت کا سلسلہ بھی متاثر ہوا ہے۔

  محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ظاہر کردیا ہے۔

 ملتان، بہاولپور،چشتیاں ، چیچہ وطنی، مری اور دیربالا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے۔آزاد کشمیر میں گزشتہ روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی میں اضافہ ہوگیا  جبکہ پہاڑی علاقوں میں ایک بار بھر برفباری سے مختلف رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں جس سے ان علاقوں کا رابطہ شہروں سے منقطع ہوگیا ہے۔

دوسری جانب سوات، مالم جبہ، کالام میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، غذر سمیت بالائی علاقوں میں بھی برفباری کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔