ایک نیوز : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ جے شاہ نوجوان ہے اور وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سربراہی کا خواہشمند بھی ہے، انہیں مشورہ ہے کہ اگر لیڈر بننا ہے تو بڑے پن کا مظاہرہ کریں۔
نجم سیٹھی کا نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ جے شاہ نے اگر آئی سی سی کی قیادت کرنا ہے تو ایشن کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو تقسیم ہونے سے بچائیں۔ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے سے بھارت کے علاوہ کسی اور کو مسئلہ نہیں، ہم کسی کو دھمکی نہیں دے رہے، صورتحال کا منطقی حل پیش کررہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک مثبت تجویز پیش کی ہے، ہم آسانی سے کہہ سکتے تھے کہ آپ نہیں آرہے تو ہم بھی نہیں جائیں گے، ہم نے کرکٹ کیلئے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز پیش کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ مجھے صرف ایشیا کپ کی فکر نہیں، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کی بھی فکر ہے، انڈیا میں ورلڈ کپ ہے، ہماری حکومت بھی جانے سے منع کرسکتی ہے، ایشین کرکٹ کونسل میں تجویز پیش کی تو لوگوں نے اس کو بہتر سمجھا۔ یوں انکار کرنے سے معاملات نہیں چل سکتے ہیں، انڈیا چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار کرکے وینیو شفٹ کرنے کو کہہ سکتا ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کا دورہ نہیں کرسکتے، ہائبرڈ ماڈل بہتر حل ہے، ایشیا کپ، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی میں یہی تجویز قابل عمل ہے، ہائبرڈ ماڈل ہی کرکٹ کی راہ میں کھڑی رکاوٹ سے ایک راستہ ہے۔