ویب ڈیسک:تحریک انصاف کے مرکز رہنما عمر ایوب نے کہا کہ دوبارہ گنتی میں تحریک انصاف سے مزید 20سیٹیں چھیننے کا منصوبہ بن چکا ہے ،یہ اسمبلی میں اپنی مرضی کے لوگ لانا چاہتے ہیں تاکہ اپنی مرضی سے قانون سے سازی کرسکیں ۔
تفصیلا ت کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کو فی الفور مستعفی ہونا چاہیے، الیکشن کمشنر صاف شفاف الیکشن کروانے میں ناکام رہا، 8 سے 9 کروڑ روپے کے بیلیٹ پیپر فروخت ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تک ہماری دو ہفتے سے رسائی بند کی گئی ہے، یہ ایک ڈرامہ ہے، ہمیں بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے، بشریٰ بی بی کو چھوٹے سے کمرے میں محصور کیا گیا ہے۔
عمر ایوب کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومتی بینچز پر بیٹھے لوگ فارم 47 کے بینیفشریز ہیں۔ ان کے امیدوار 202 نشستیں جیت رہے تھے ۔مینڈیٹ چوری کیا گیا اور وہ اس کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر ہمارا حق نہیں دیا جا رہا۔ ہم اس پر سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔
آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا سیلاب آئے گا اور غریب لوگ غریب تر ہوں گے۔