ایک نیوز: سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی 4 جبکہ ن لیگ اور جے یو آئی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوگئیں۔
اسلام آباد کی نشست پر حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی اپنی ہی خالی کی ہوئی نشست پر دوبارہ سینیٹر منتخب ہوگئے۔اسلام آباد کی ایک، سندھ کی 2 اور بلوچستان کی 3 نشستوں پر انتخاب ہوا۔
قومی اسمبلی میں مجموعی طور 301 ارکان اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا۔ حکومتی اتحاد کے یوسف رضا گیلانی اسلام آباد کی نشست پر کامیاب قرار پائے۔ یوسف رضا گیلانی کو 204 اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88ووٹ ملے۔
سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی دو نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 124 ووٹ کاسٹ کئے گئے جن میں سے 123 ووٹ درست قرار پائے۔ پیپلز پارٹی کے دونوں امیدواروں نے میدان مار لیا۔ اسلم ابڑو اور سیف اللہ دھاریجو کامیاب ہوگئے۔ سیف اللہ دھاریجو کو 58 اور اسلم ابڑو کو 57 ووٹ ملے۔
بلوچستان اسمبلی میں 65 ارکان کے ایوان میں سے 61 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ پی پی پی کے میر عبدالقدوس بزنجو 23ووٹ، جے یوآئی کے عبدالشکور غبیزئی 16ووٹ اور ن لیگ کے میر دوستین ڈومکی 17ووٹ لیکر سینیٹر منتخب ہوگئے۔
ایم کیوایم نے ضمنی انتخاب سے لا تعلقی کا فیصلہ کیا جبکہ جماعت اسلامی نے بھی بائیکاٹ کیا۔نشستیں 6 سینیٹرز کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئی تھیں۔ یوسف رضا گیلانی ، مولانا عبدالغفور حیدری، نثارکھوڑو ، جام مہتاب، پرنس احمدعمر اور سرفرازبگٹی سینیٹ سے مستعفی ہوئے تھے۔