ایک نیوز : توشہ خانہ ریفرنس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخی کیلئے دائر درخواست پر فوری سماعت کی استدعا مسترد کردی گئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کل اعتراضات کے ساتھ درخواست پر سماعت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخی کیلئے درخواست پرفوری سماعت کی استدعا مسترد کردی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی لیگل ٹیم نے درخواست دائر کی تھی۔اس موقع پر اسد قیصر ،قاسم سوری، فیصل جاوید خان ،فراز چوہدری اور سینیٹر ذیشان خانزادہ کمرہ عدالت میں ہی موجود تھے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی لیگل ٹیم کو چیمبر میں بلالیا۔خواجہ حارث ،بیرسٹر گوہر اور سید علی بخاری ایڈووکیٹ چیف جسٹس عامر فاروق کے چیمبر میں گئے۔
عدالت نے عمران خان کے وکلا کی جانب سے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کردی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے واپس روانہ ہوگئے۔
خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکانے اور توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر اسلام آباد کی دو عدالتوں نےگزشتہ روز عمران خان کے علیحدہ علیحدہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
عمران خان گزشتہ روز طلبی کے باوجود سکیورٹی خدشات پر عدالت پیش نہ ہوئے تاہم انہوں نےلاہور میں پی ٹی آئی ریلی کی قیادت کی۔
آج اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں جاری عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 16 مارچ تک معطل کردیے۔
ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے پولیس کو 16 مارچ تک عمران خان کو گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے اور سماعت 16 مارچ تک ملتوی کر دی جب کہ توشہ خانہ کیس میں ان کا وارنٹ برقرار ہے۔