ایک نیوز: لاہور کو 2022 میں دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سوئس کمپنی آئی کیو ائیر کی جانب سے سالانہ عالمی سروے پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق لاہور 10 درجے تنزلی سے 2022 میں دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے۔اس فہرست میں کسی جگہ کے فضائی معیار کا تعین وہاں پھیپھڑوں کو نقصان پہنچانے والے ننھے پی ایم 2.5 ذرات کی مقدار کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2022 میں لاہور کا فضائی معیار بدترین رہا جہاں فی کیوبک میٹر پی ایم 2.5 کا اجتماع 97.4 مائیکرو گرام تھا جبکہ 2021 میں یہ 86.5 مائیکرو گرام تھا۔اس فہرست میں دوسرے نمبر پر چین کا شہر Hotan رہا جبکہ بھارتی شہر Bhiwadi تیسرے اور دہلی چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق فضا میں پی ایم 2.5 کی فی کیوبک میٹر مقدار زیادہ سے زیادہ 5 مائیکرو گرام ہونی چاہیے ہے۔اس فہرست میں فضائی آلودگی سے متاثرہ ممالک کی درجہ بندی بھی کی گئی ہے۔افریقی ملک چاڈ کو 89.7 کے اوسط لیول کے ساتھ دنیا کا آلودہ ترین ملک قرار دیا گیا ہے جس کے بعد عراق کا نمبر ہے۔
دنیا کا تیسرا آلودہ ترین ملک پاکستان کو قرار دیا گیا ہے جس کے بعد بحرین اور بنگلا دیش کا نمبر ہے۔حیران کن طور پر فضائی آلودگی کے حوالے سے بدنام بھارت اس فہرست میں 8 ویں نمبر پر موجود ہے۔وسطی اور جنوبی ایشیا میں پاکستان اور بھارت میں فضائی آلودگی کے حوالے سے بدترین ممالک ہیں جن کی لگ بھگ 60 فیصد آبادی ایسے علاقوں میں مقیم ہے جہاں فضا میں پی ایم 2.5 ذرات کی مقدار عالمی ادارہ صحت کی تجویز کردہ سطح سے کم از کم 7 گنا زیادہ ہے۔ دنیا بھر میں ہر 10 میں سے ایک فرد فضائی آلودگی سے متاثرہ خطے میں مقیم ہے اور اس کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔