ایک نیوز: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہم لاشیں گروا کر الیکشن ملتوی نہیں کرانا چاہتے۔ ہم سے بات کریں، ہوسکتا ہے خون خرابے سے بچنے کیلئے عمران خان گرفتاری دے دیں۔
زمان پارک کے باہر تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج کی کارروائی بوکھلاہٹ اور کل کی ریلی کا نتیجہ ہے۔حفاظتی ضمانت پاس ہوتو گرفتاری نہیں ہوسکتی۔ہماری سمجھ کے مطابق عدالت میں 18 مارچ کو پیشی ہے اور ہم پیش ہونے کو بھی تیار ہیں۔
شاہ محمو دقریشی نے پولیس کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہم سے بات کریں، ہوسکتا ہے ہم ازخودگرفتاری دے دیں۔ہم لاشیں گروا کر الیکشن ملتوی نہیں کرانا چاہتے۔کیا قیامت ٹوٹ پڑی کہ یہ عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہم ان کی ساری چالوں کو سمجھ رہے ہیں۔ مینار پاکستان جلسے کے اعلان پر حکومت بوکھلا گئی ہے۔ ہم نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دی ہے کہ ہمارے جلسے پر اعتراض ہے تو بتائیں۔ مینار پاکستان کا جلسہ پی ایس ایل کا میچ شروع ہونےسے پہلے ختم ہوجائے گا۔