ایک نیوز: منڈی بہاؤالدین میں پولیس مقابلہ دیکھنے میں آیا جس میں ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تھانہ سٹی پولیس بدنام زمانہ ریڑھا گینگ کے متحرک رکن علی جنید کی اپنے نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ واردات کی نیت سے سٹی کے علاقہ میں موجود گی کی اطلاع پر موقع پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔ اس دوران پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ملزم علی جنید اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے۔
علی جنید کے قبضہ سے پسٹل 30 بور اور موبائل برآمد ہوا، موبائل فون راہزنی کی واردات میں چھینا گیا تھا۔ ملزمان متعدد وارداتوں میں ملوث ، سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور ان پر درجنوں مقدمات درج ہیں۔مضروب ملزم علی جنید کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ،قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ دیگر فرار ملزمان کو بہت جلد گرفتار کر لیا جائیگا۔
دوسری جانب منڈی بہاءالدین میں شفقت آباد کے قریب پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتارہو گیا ہے۔ گرفتار ملزم ڈکیتی، بھتہ خوری سمیت درجنوں سنگین مقدمات میں ملوث ہے۔ ملزمان ڈکیتی کی نیت سے کالج کے عقب میں کھڑے تھے۔پولیس پارٹی اطلاع ملنے پر پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کردی،ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ملزم کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔