ایک نیوز: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی ملاقات ہوئی جس میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق صدر مملکت اور گورنر خیبر پختونخوا کا عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت اور گورنر کی آئین کے آرٹیکل 224 (2) اور یکم مارچ کے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں الیکشن کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
صدر مملکت نے گورنر کو مشورہ دیا کہ گورنر الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کریں۔تقریباً 2 ہفتے گزر گئے، پیچیدگی سے بچنے کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات کی تاریخ مقرر کی جائے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آئین کی پاسداری، مقررہ مدت کے اندر عام انتخابات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیں۔ مقررہ وقت میں انتخابات آئین نے لازمی قرار دیئے ہیں اور سپریم کورٹ نے اسکی توثیق کی ہے۔ مقررہ وقت میں انتخابات ملک میں پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہیں۔