ثاقب نثار کا قمرجاوید باجوہ، فیض حمید اور عمران خان سے ملاقاتوں کا اعتراف

Mar 14, 2023 | 13:01 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز:سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایک بار پھر خاموشی توڑتے ہوئے نئے سنسنی خیز انکشافات کرڈالے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ عمران خان سے 2 ملاقاتیں ہوئی ، پہلی وزارت عظمیٰ کے دور میں  اور دوسری بعد میں ۔ پہلی ملاقات میں عمران خان نے کہا نیب کیسز خراب ہورہے ہیں ، آپ گائیڈ کریں۔ عمران خان نے کہا شہزاد اکبر کی جگہ کوئی اور بندہ بتائیں جو کیسز کو انجام تک لے جائے۔ میں نے عمران خان کو انکار کردیا اور کہا خود فیصلہ کریں۔

دوسری ملاقات میں عمران خان کو کہا عدلیہ سے متعلق رات 12 بجے والی بات نہ کریں۔عدلیہ پر بلاوجہ تنقید کرکے ادارے کو خراب نہ کریں۔ثاقب نثار نے وضاحت کی کہ انہوں نے عمران خان سے قمر جاوید باجوہ سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

سابق چیف جسٹس نے اعتراف کیا کہ ان کی فیض حمید سے کئی ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا جب چیف جسٹس تھا تو لاپتہ افراد کیس پر فیض حمید سے ملاقاتیں ہوئیں۔ بعد میں بھی فیض حمید سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

ثاقب نثار نے مزید انکشاف کیا کہ میری جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے دو ملاقاتیں ہوئی ہیں ، پہلی ملاقات میں وہ چندہ دینے آئے تھے۔قمرجاوید باجوہ سے دوسری ملاقات کچھ عرصہ پہلے لاہور میں ہوئی۔ باجوہ صاحب نے کہا میں لاہور آیا ہوں اور اپنے دوستوں سے ملنا چاہتا ہوں۔ 

مریم نواز کی جانب سے تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے ثاقب نثار نے کہا مریم نواز اب مجھے بابا ڈیم پکار کر تضحیک کررہی ہیں۔ مریم نواز سیاسی فساد اور مخصوص مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے۔ بے ادب ، بدتمیز اولاد ، جس کو کسی بڑے سے متعلق بات کرنے کی تمیز ہی نہیں۔کسی کی اولاد جب بدتمیز ہوجائے تو یہ اس کیلئے سانحہ ہے۔میرے بچے ہنستے ہیں اور کہتے ہیں ن لیگ نے آپ کو پھر زندہ کردیا۔ مریم نواز اور ن لیگ کے سیاسی جھوٹ کا کیا جواب دوں۔ 

سابق چیف جسٹس نے کہا میرا موجودہ ججز سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں۔ میں نے تو اپنے داماد کو سفارش کرنے پر عدالت طلب کرلیا تھا۔ اپنے داماد سے سب کے سامنے معافی منگوائی تھی۔

ثاقب نثار کا مزید کہنا تھاکہ اس سے پہلے بھی ن لیگ کی مجھے بدنام کرنے کی 2 کوششیں ناکام ہوچکی ہیں۔پہلی کوشش جعلی آڈیو سے ہوئی ، دوسری کوشش جج شمیم  کے ذریعے کی گئی۔ ن لیگ کے پاس سیاست چمکانے کیلئے کچھ اور نہیں ، اس لئے عدلیہ کو ہدف بنایا۔ ن لیگ کو امید تھی میں بطور چیف جسٹس ان سے پرانے تعلق کا خیال رکھوں گا۔ میں نے انصاف کی بات کی ، اس لئے جب ریٹائر ہوا تو میرے پیچھے پڑ گئے۔

سابق چیف جسٹس نے انکشاف کیا پاناما کیس کے بنچ نے مجھے بتایا نواز شریف کے وکیل نے بہت کچھ مان لیا تھا۔ نوازشریف کے وکیل نے بینچ کے سامنے اپنے موکل کی کئی غلط کاریوں کو تسلیم کیا۔

مزیدخبریں