ویب ڈیسک: یونان میں چار ہزار سال پرانی پتھروں سے بنی پراسرار عمارت دریافت ہوئی ہے جس نے ماہرین کو الجھا کر رکھ دیا ہے۔
یونان کی وزارت ثقافت ک جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس عمارت کو سیاحتی جزیرے کریٹ میں ایک پہاڑی کے اوپر دریافت کی گئی،بیان کے مطابق یہ بہت دلچسپ دریافت ہے اور یہ عمارت کریٹ کی مینوسی تہذیب سے تعلق رکھتی ہے۔
یہ تہذیب محلات، آرٹ اور رمزی تحریری نظام کی وجہ سے جانی جاتی ہے،1800 اسکوائر میٹر رقبے پر پھیلی یہ عمارت اوپر سے گاڑی کے بڑے پہیے کی طرح نظر آتی ہے اور اسے حال ہی میں کھدائی کے دوران دریافت کیا گیا۔
یونان میں زیرتعمیر ایک نئے ائیرپورٹ کے لیے ریڈار اسٹیشن کی تعمیر اس مقام پر ہونی تھی جہاں یہ عمارت دریافت ہوئی،یہ ائیرپورٹ سال 2027میں کھولا جائے گا اور یونان کا دوسرا بڑا ائیرپورٹ بن جائے گا۔
ماہرین آثار قدیمہ ابھی تک یہ نہیں جان سکے کہ پہاڑی کے اوپر موجود اس اسٹرکچر کو کس لیے تعمیر کیا گیا تھا، کیونکہ اس سے پہلے وہاں مینوسی تہذیب کے کوئی آثار دریافت نہیں ہوئے تھے۔
ان کا خیال ہے کہ ممکنہ طور پر اس عمارت کو مذہبی تقاریب کے لیے استعمال کیا جاتا ہوگا، وزارت ثقافت کے بیان میں بتایا گیا کہ عمارت کے اندر بڑی تعداد میں جانوروں کی ہڈیاں دریافت کی گئی ہیں،بیان کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ اسے مختلف تقاریب کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
وزارت ثقافت کا کہنا تھا کہ یہ عمارت 2 ہزار سے 1700 قبل مسیح میں استعمال کی جاتی ہوگی۔