آزاد کشمیر کے  لاپتہ شہری کی بازیابی کی درخواست پر سیکرٹری دفاع اور داخلہ کو نوٹس جاری

آزاد کشمیر کے  لاپتہ شہری کی بازیابی کی درخواست پر سیکرٹری دفاع اور داخلہ کو نوٹس جاری
کیپشن: Notice issued to Secretary of Defense and Interior on request for recovery of missing citizen of Azad Kashmir

ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ نےآزاد کشمیر کے لاپتہ شہری خواجہ خورشید  کی بازیابی کی درخواست پر  سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کر دیا  ۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے لاپتہ شہری خواجہ خورشید کی بازیابی کی درخواست پر سماعت  جسٹس محسن کیانی نے کی ۔ لاپتہ شہری کی اہلیہ خلیقہ خورشید نے بازیابی درخواست دائر کر رکھی ہے ۔

درخواستگزا ر کے وکیل نے کہا کہ  شہری خواجہ خورشید 7 جون سے راولپنڈی سے لاپتہ ہیں ،راولپنڈی پولیس نے لاپتہ خواجہ خورشید کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج  ہے۔ یہ راولپنڈی سے لاپتہ ہوا ہے ؟ عدالت کا استفسار ۔ وکیل نے جواب دیا جی 13 اسلام بلایا گیا تھا وہاں سے کوئی اٹھا کر لے گیا ، یہ وہی کیس ہے جس طرح احمد فرہاد کیس تھا ، یہ کہاں کا رہنے والا ہے ؟ عدالت کا استفسار ۔وکیل نے جواب دیا یہ کشمیر وادی نیلم کا رہنے والا ہے ، راولپنڈی سے اسلام آباد کے علاقے جی 13 بلایا گیا وہاں سے 8 دن سے لاپتہ ہے، شریف آدمی ہے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں ۔  

وکیل  نے استدعا   کی  کہ عید آ رہی ہے، آئندہ سماعت عید کے فوری بعد پہلے ورکنگ ڈے پر رکھ لیں، عدالت نے کہا عید کے بعد ایک ورکنگ ڈے دے  رہے ہیں  تاکہ آئندہ سماعت پر رپورٹ آ جائے۔ جسٹس محسن کیا نی نے کہا  رپورٹ آنے دیں، رپورٹ آنے سے پہلے کوئی آرڈر نہیں کر سکتے ۔   

عدالت نے آزادکشمیر کے لاپتہ شہری خواجہ خورشید کی بازیابی کی درخواست پر نوٹس جاری  کر دیئے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع کو نوٹس جاری کئے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ سیکرٹریز آئی ایس آئی، ایم آئی اور ایف آئی اے سے معلومات لے کر رپورٹ دیں

  عدالت نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 21 جون تک ملتوی کر دی ۔