ایک نیوز: وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین نے وفد کے ہمراہ سعودی ہم منصب ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات کرنے والے وفد میں سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر، حافظ طاہر اشرفی، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر مکہ فہیم خان آفریدی شامل تھے۔
وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین کا کہنا تھا کہ پاکستانی حجاج کی سہولت کیلئے سعودی وزیر حج کی خصوصی توجہ باعث مسرت ہے۔ سعودی حکومت حج انتظامات میں ہر سال جدت اور نئی سہولیات متعارف کروا رہی ہے۔ سرکاری و نجی عازمین حج کیلئے سعودی مکاتب کی جانب سے بہترین سہولیات کے متمنی ہیں۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کا کہنا تھا کہ منی عرفات میں پاکستان حج مشن کی تمام ضروریات کا خیال رکھا جائے گا ۔پاکستان حج مشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ مشاعر مقدسہ میں بہتر سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے نجی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔
سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر کا کہنا تھا کہ آئندہ سال سرکاری و نجی حج سکیم کیلئے ون ونڈو کے ذریعے رابطہ استوار کریں گے۔