اسلامی نظریاتی کونسل نے خواتین کو بغیر محرم حج پر جانے کی اجازت دیدی

Jun 14, 2023 | 21:42 PM

ایک نیوز : اسلامی نظریاتی کونسل نے خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانے کی مشروط اجازت دے دی۔
اسلامی نظریاتی کونسل کاکہنا ہے فقۂ جعفریہ، مالکی اور شافعی کے مطابق شریعت میں بغیر محرم کے خاتون کے حج پرجانے کی گنجائش موجود ہے۔
ترجمان اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ محرم کے بغیر خاتون کے لیے حج کی گنجائش بعض شرائط سے مشروط ہے، وزارت مذہبی امور نے خواتین کے محرم کے بغیر حج کے معاملے پر کونسل سے رائے طلب کی تھی۔
ترجمان اسلامی نظریاتی کونسل نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ  وہ عورت  بغیر محرم حج کے لیے جا سکتی ہے جس کے والدین یا شوہر اجازت دیں، فقہ حنفیہ اور فقہ حنبلی کے مطابق محرم میسر نہ ہونے پر عورت پر حج فرض نہیں ہے۔اسلامی نظریاتی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ ایسی عورت جسے قابل اعتماد خواتین کی رفاقت حاصل ہو حج پر جا سکتی ہے، وہ عورت جسے سفر اور دوران حج کسی فساد یا خطرے کا اندیشہ نہ ہو بغیر محرم حج کے لیے جا سکتی ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ ایسی عورت جس گروپ کے ہمراہ حج پر جائے اس کے بارے میں وزارت مذہبی امور چھان بین کرے، گروپ ممبران کے بارے میں اطمینان کر لینے کے بعد ہی کسی عورت کو بغیر محرم حج پر جانے کی اجازت دی جائے۔

مزیدخبریں