مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی منظوری

مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی منظوری
کیپشن: Approving the appointment of Musrat Hilali as a judge of the Supreme Court

ایک نیوز : پشاور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ آف پاکستان کی جج تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی زیرِ صدارت جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بھی جسٹس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی تجویز دی۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی سپریم کورٹ تعیناتی اتفاق رائے سے ہوئی۔

سپریم کورٹ میں اس وقت 15 ججز کام کر رہے ہیں جبکہ آئینی طور پر سپریم کورٹ میں 17 ججز کی گنجائش ہے۔ جسٹس مسرت ہلالی کی سپریم کورٹ میں تعیناتی سے ججز کی تعداد 16 ہو جائے گی۔

مسرت ہلالی سپریم کورٹ آف پاکستان کی تاریخ میں دوسری خاتون جج ہوں گی۔پہلے جسٹس عائشہ ملک کو  گزشتہ برس سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا تھا۔

مسرت ہلالی رواں برس پشاور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس بنی تھیں۔