ایک نیوز:انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 79 پیسے کمی سے 287 روپے 18 پیسے ہو گئی ۔
انٹر بینک میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.28 فیصد کی بحالی دیکھی گئی ہے۔
دوسری طرف انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 4 روپے کمی کے بعد 294 روپے پر پہنچ چکی ہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام منفی ہوا ۔مارکیٹ 24 پوائنٹس کی کمی سے 41 ہزار 514 پوائنٹس پر بند ہوئی ۔دن بھر مجموعی طور پر 317 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا ۔129 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 161 کے شیئرز میں کمی ہوئی ۔مارکیٹ کی بلند ترین سطح 41,744 جبکہ کم ترین سطح 41,448 رہی ۔