اسٹار فٹبالر لیونل میسی کوگرفتار کرلیا گیا

اسٹار فٹبالر لیونل میسی کوگرفتار کرلیا گیا

ایک نیوز:ارجنٹائن کے کپتان، مشہور فٹ بالر لیونل میسی کو چین کے دارالحکومت بیجنگ کے ایئرپورٹ پر دستاویزات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار کرلیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق لیونل میسی ارجنٹائن کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف عالمی دوستانہ میچ کھیلنے کے لئے بیجنگ پہنچے تھے جہاں انہیں چینی پولیس نے ویزا نہ ہونے کے باعث حراست میں لے کر تفتیش کی۔ لیونل میسی ارجنٹائن اور اسپین دو پاسپورٹ کے حامل ہیں، انہیں ویزے کا اجرا ارجنٹائن کے پاسپورٹ پر ہوا تھا لیکن اسٹار فٹ بالر ارجنٹائن کا پاسپورٹ ساتھ لانا بھول گئے تھے جبکہ اُن کے پاس اسپین کا پاسپورٹ تھا۔

 پولیس نے تقریباً 30 منٹ کے بعد صورتحال پر قابو پالیا، انہوں نے یقین دہانی اور قانونی کارروائی مکمل کرکے اسٹار فٹ بالر کو انٹری ویزا جاری کرکے جانے کی اجازت دے دی۔ایئرپورٹ سے باہر نکلنے پر میسی کا ہزاروں مداحوں نے پرتپاک استقبال کیا اور اپنے پسندیدہ فٹ بالر کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ لیونل میسی نجی طیارے کے ذریعے بیجنگ پہنچے تھے جہاں وہ ارجنٹائن فٹ بال ٹیم کی جانب سے 15 جون بروز جمعرات کو ہونے والے آسٹریلوی ہم منصب کے خلاف دوستانہ میچ میں شرکت کریں گے۔  ان کی ٹیم 19 جون کو انڈونیشیا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گی، جس کے بعد لیونل میسی کو جولائی میں اپنے نئے کلب انٹر میامی میں شمولیت سے قبل آرام کا وقفہ مل جائے گا۔اس سے قبل میسی نے 2017 میں بیجنگ کا دورہ کیا تھا جبکہ وہ اب تک چین کے 7 دورے کرچکے ہیں۔