آئی پی او نے آن لائن ٹریڈ مارک فائلنگ سسٹم کی اضافی سہولیات متعارف کروادیں

Jun 14, 2023 | 15:19 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: ڈیجیٹلائزیشن کااہم سنگ میل عبور ، آئی پی او نے آن لائن ٹریڈ مارک فائلنگ سسٹم کی اضافی سہولیات متعارف کروادیں۔
تفصیلات کے مطابق حقوق دانشوراں تنظیم پاکستان( آئی پی او) نے پنجاب انفارمشن ٹیکنا لوجی بورڈ کے تعاون سے ارفع سافٹ ویئر ٹیکنا لوجی پارک میں منعقد ایک تقریب میں آرگنائزیشن کے درخواست دہندگان اور سٹیک ہولڈرز سے انٹلیکچوئل پراپرٹی کی درخواستیں وصول کرنے کے لین ای فائلنگ سسٹم کا افتتاح کیا۔

یہ ترقی ٹریڈ مارک کی درخواستوں کو آن لائن فائل کرنے کے علاوہ اضافی خدمات کو بھی قابل بنائے گی جس سے درخواست دہندگان کیلئے لاگت اور وقت کی بچت ہوگی جبکہ سہولت کو یقینی بنایا جائے گا۔انٹلیکچو ئل پراپرٹی آرگنائزیشن کی ڈائریکٹر جنرل شازیہ عدنان اور پنجاب انفارمشن ٹیکنا لوجی بورڈ کے چیئرمین فیصل یوسف نے آن لائن ادائیگی کے ساتھ ٹریڈ مارک آن لائن فائلنگ سسٹم کے گو لائیوکا اعلان کیا۔ تقریب میں ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، بزنس ڈویلپمنٹ صائمہ شیخ، ڈائریکٹر سید نیئر علی، آئی پی او پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کاشف لطیف ملک اور سید انجم رضا بخاری نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی پی او پاکستان کی ڈی جی شازیہ عدنان نے کہا کہ آئی پی او پاکستان اپنے سٹیک ہولڈرز کو بغیر کسی پریشانی کے خدمات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں آئی پی اوپاکستان اورپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈدونوں کے افسران کی انتھک کوششیں شامل ہیں۔ آن لائن جمع کروانے کے نئے نظام کی وجہ سے ٹریڈ مارک کی درخواستیں داخل کرنے کی لاگت اور وقت میں کافی حد تک کمی آئے گی جس سے درخواست دہندگان کو فائدہ ہوگا۔

شازیہ عدنان نے مزید کہا کہ کاپی رائٹ، پیٹنٹ اور ڈیزائن سے متعلق درخواستوں کی وصولی کو بھی انہی خطوط پر ڈیجیٹل کرنے کے لئے لیا کام جاری ہے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے چیئرمین فیصل یوسف نے آئی پی او پاکستان کو ان کی خدمات کی فراہمی کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے میں تعاون کرنے کے اپنے عزم کا یقین دلایا۔

مزیدخبریں