ورلڈ کپ سے پہلے پی سی بی کا پھڈا ڈالنا لمحہ فکریہ ہے: شیخ رشید

Jun 14, 2023 | 14:32 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ انتخابات سے پہلے نادرا کے چیئرمین کو ہٹانا اور ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ کا پھڈا ڈالنا لمحہ فکریہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ میں شیخ رشید نے چیئرمین نادرا کے استعفے سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘کیرم بورڈ کھیلنے سے اندرونی دباؤ اور ڈپریشن دور نہیں ہوتا۔ ووٹوں کے اِندارج کا وقت ہے، ایسے میں ساری نادرا کی ٹیم کو بدلنا سازش کی کڑی ہو سکتی ہے۔’

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ساری قوم کی نظریں عدلیہ پر لگی ہوئی ہیں، عدلیہ ہی الیکشن کرواسکتی ہے اور چوروں سے نجات دِلواسکتی ہے۔ عدلیہ ہی ملک کو بحرانوں سے نکلوا سکتی ہے اور اوورسیز کو ووٹ کا حق دِلواسکتی ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ غریب سمیت، صنعت کار اور آئی ایم ایف نے بجٹ کو مسترد کردیا ہے،حکومت عوام میں جانے سے خوفزدہ ہے۔ ڈیفالٹ کی تلوار سر پر لٹک رہی ہے اور وزیراعظم بے مقصد سیروسیاحت کے دورے کر رہے ہیں۔میئر کراچی کے انتخاب کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ کراچی کے لوگ سب سے زیاده باشعور ہیں۔ میئر کے الیکشن میں ان کے ساتھ ہاتھ ہونے جارہا ہے۔

مزیدخبریں