راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹ کی اصولی منظوری 

Jun 14, 2023 | 12:18 PM

ایک نیوز: راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹ کی اصولی منظوری دیدی گئی ہے۔ جس کے لئے مقامی وسائل استعمال کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹس کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے مقامی طورپر تیار کردہ سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی۔ جس میں بتایا گیا کہ سیف سٹی اتھارٹی کے نئے سسٹم میں مشین لرنر ماڈل میں سافٹ ویئر ڈویلپ کیا جائے گا۔ مقامی طورپر تیار کردہ سسٹم کے تحت چہروں کی شناخت بھی ممکن ہوگی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹس کو جلد فنکشنل کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔ اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سمارٹ سٹیز کیلئے سیف سٹی پراجیکٹس کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹس کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھا رہے ہیں۔ سیف سٹی پراجیکٹس سے امن عامہ میں بہتری آئے گی اور شہریوں میں احساس تحفظ بڑھے گا۔ سیف سٹی پراجیکٹس کی مقررہ مدت میں تکمیل ضروری ہے۔

 صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریز قانون، خزانہ، تعمیرات و مواصلات، ریگولیشنز، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

چیف سیکرٹری، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی کے کمشنرز، آر پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزیدخبریں