ایک نیوز: سمندری طوفان 'بائپر جوائے' کے اثرات بجلی کی پیداوار پر بھی پڑنے لگے۔ طوفان کے باعث ایل این جی کی ترسیل متاثر ہوگئی۔ طوفانی ہواؤں سے ونڈ پاور پلانٹس بھی بند کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق 'بائپر جوائے' کی آمد سے قبل ایٹمی پاور پلانٹس کی پیداوار بھی کم کر دی گئی ہے۔ جس سے بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 7 ہزار 284 میگاواٹ ہو گیا۔ اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 252 میگاواٹ اور طلب 26 ہزار 5 سو میگاواٹ ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پن بجلی کی پیداوار 5 ہزار 6 سو میگاواٹ ہے۔ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 850 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 10 ہزار 5 سو میگاواٹ ہے۔ ونڈ پاور پلانٹس سے صرف 100 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ سولر بجلی گھروں کی پیداوار 82 میگاواٹ ہے۔ نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 2 ہزار میگاواٹ ہے۔
پیداواری صلاحیت میں کمی کے بعد ملک بھر میں 12 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔