مریم اورنگزیب سے فلم، ٹی وی اور سٹیج کے نامور اداکاروں کی ملاقات

Jun 14, 2023 | 11:57 AM

ایک نیوز: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے فلم، اسٹیج اور ٹی وی آرٹسٹوں نے ملاقات کی ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فلم فنانس فنڈ اور ہیلتھ انشورنس کے لئے خطیر رقم مختص کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات سے فنکاروں نے اظہار تشکر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فن کاروں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیراطلاعات کی کاوشوں پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ فنکار ہماری شناخت اور قومی اثاثہ ہیں۔ ملکی ثقافت کے فروغ اور قومی تشخص کو پروان چڑھانے میں فنکاروں کا کلیدی کردار ہے۔ تخلیقی سوچ کی حوصلہ افزائی معاشرے کی نمو کے لئے ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فلم فنانس فنڈ کے لئے دو ارب اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے ہیں۔ فلمی صنعت کی ترقی اور بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تشخص اور روشن شناخت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فلمیں ملک کی ثقافت، تاریخ، اقدار، ورثہ اور سیاحت کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے فنکاروں کے مسائل حل کرنے اور سابق دور میں فنکاروں کی حق تلفیوں کے ازالہ کی یقین دہانی کرائی۔ فنکاروں نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔

مزیدخبریں