ایک نیوز: بھارت میں نریندر مودی کی تعریف کرنے پر ٹیکسی ڈرائیور نے مسافر کو قتل کرڈالا۔
رپورٹ کے مطابق مرزا پور میں پولیس نے ایک 50 سالہ شخص کو اپنی گاڑی کے نیچے کچل کرہلاک کرنے کے الزام میں ٹیکسی ڈرائیور کو گرفتار کیا ہے۔ملزم امجد خان کیخلاف قتل اور نقص امن کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جبکہ ہلاک شخص کی شناخت راجیش دھر دوبے کے نام سے ہوئی ہے۔
راجیش کے بھائی راکیش دھر دوبے نے الزام لگایا ہے کہ امجد کی ٹیکسی میں سفر کے دوران راجیش ملکی سیاسی منظر نامے پر بات کر رہے تھے تو ڈرائیور نے نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو گالیاں دینا شروع کر دی۔
راکیش کا کہنا تھا کہ جب ٹیکسی میں موجود دیگر مسافروں نے امجد پر اعتراض کیا تو ڈرائیور نے راجیش کو گاڑی سے دھکا دے کر ٹیکسی سے نیچے کچل دیا۔ایس پی مرزا پور پولیس کے مطابق راکیش دھر دوبے کی شکایت پر امجد کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے کے6 گھنٹے بعد امجد کو گرفتار کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران امجد نے دعویٰ کیا کہ ٹیکسی میں موجود تمام افراد اپنے گھر کی دہلیز پر اترنا چاہتے تھے۔ ڈرائیور ٹیکسی بُک کرانے والے شخص کے پاس پہنچنے کے لئے مسافروں کو ایک ہی مقام پر اتارنا چاہتا تھا۔