روس سےتجارت کرنےپرجھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا،آج تیل اور گندم آ رہی ہے:وزیر اعظم

Jun 14, 2023 | 09:38 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت میں روس سے تجارت کرنے پر جھوٹا پروپیگنڈہ کیا گیا تھا، آج روس سے تیل اور گندم آ رہی ہے۔

تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا روس سے تجارت کرنے پر جھوٹا پروپیگنڈہ کیا گیا تھا، آج روس سے تیل اور گندم آ رہی ہے، ہم نے اربوں روپے کی قیمتیں کم کروا کر گندم درآمد کی، روس سے جو تیل منگوایا ہے وہ عالمی مارکیٹ سے کم از کم 15 ڈالر پر بیرل سستا ہے۔

انھوں نے کہا تمام منصوبے مکمل کریں گے، بجلی سے چلنے والی بسیں بھی جولائی تک آئیں گی، معاشی مشکلات کے باوجود عام آدمی کو اس بجٹ میں ریلیف ملا ہے، اتحادی حکومت مل کر پاکستان کو مشکل سے نکالے گی۔

 شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جعلی خط لہرا کر ہماری آئینی حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کو بدنام کیا، انھوں نے کہا پچھلی حکومت نے آئی ایم سے معاہدہ توڑا، اور ہم دن رات اب معاہدے کی کوشش کر رہے ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط بھی من و عن قبول کر لی ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے 4 سال پوری اپوزیشن کو دیوار سے لگایا، آج توشہ خانہ میں ان کے خلاف ثبوت ملے تو کہتے ہیں ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے، ہمیں 4 سال دیوار سے لگایا گیا تھا۔لاہور میں سالڈ ویسٹ کا نظام بنایا تھا، پچھلی حکومت نے اس کا بیڑا غرق کر دیا، اب اسلام آباد میں بھی لاہور طرز کا سالڈ ویسٹ سسٹم لا رہے ہیں۔

اس سے قبل  وزیراعظم شہباز شریف نے سری نگر ہائی وے پر سیونتھ ایونیو اوور ہیڈ برج اور کیپٹن کرنل شیر خان شہید روڈ کی تعمیر نو کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے آج صبح اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد کی تقاریب میں شرکت کی۔شہباز شریف نے الیونتھ ایونیو کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع پر وزیراعظم کو ان منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

اوور ہیڈ برج کے چار لوپس ہیں، انڈر پاس کی لمبائی615 میٹر ہے، سیونتھ ایونیو اوور ہیڈ منصوبہ12 ماہ کی مدت میں مکمل کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف کو آئی جے پی روڈ کی ازسرنو تعمیر منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

مزیدخبریں